بیجنگ، 10 اکتوبر (رائٹر) چین نے اشارہ دیا ہے کہ وہ نیوکلیئر سپلائرز
گروپ(این ایس جی) میں ہندستان کی شمولیت کے حوالے سے ممکنات پر غور
کرنے کا خواہاں ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ہندستان نے کہا تھا کہ این ایس جی کی رکنیت کے حوالے
سے اس کے چین کے ساتھ سنجیدہ اور بامقصد مذاکرات ہوئے ہیں۔ برطانوی خبر رساں
ایجنسی رائٹر کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی وزیر اعظم
نریندر مودی این ایس جی کی رکنیت حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ ہندستان
میں روس ، امریکا اور فرانس کی شراکت سے اربوں ڈالر کے نیوکلیئر پاور
پلانٹس تعمیر کیے جاسکیں اور توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے آلودگی
پھیلانے والے ذرائع پر انحصار کم کیا جاسکے۔